18 Mar 2014

ویڈیو سمیت پورا رپورٹ۔ چنیوٹ؛ پنچایت سے ونی کی گئی لڑکی سے اجتماعی زیادتی، درخت کیساتھ برہنہ باندھ دیا۔






Chiniot case by TheExpressNews

چنیوٹ: پنچایت کے فیصلے پر ونی قراردی گئی لڑکی سے اجتماعی زیادتی کی گئی جس کے بعد برہنہ حالت میں درخت کے ساتھ باندھ دیا گیا ۔
نواحی علاقہ ماور بھٹیاں کے رہائشی 22 سالہ ثناء اللہ ولد نور نے20سالہ بلقیس دختر ملا سے گزشتہ ماہ بھاگ کر شادی کی تھی، بلقیس کے اہل خانہ نے پنچایت بلائی ،لڑکی کے والد ملا کی سربراہی میں بلائی جانیوالی پنچایت میں علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ثناء اللہ کی بہن صاحب بی بی کو بلقیس کے بھائی زاہد کے ساتھ ونی کردیا جائے ، پنچایت کے حکم سے چھ مسلح افراد نے یکم مارچ کو صاحب بی بی کو اسلحہ کی نوک پر گھر سے اُٹھایا اور بھری پنچائیت میں حافظ قاسم سے اس کا نکاح پڑھوا کر زاہد کے ساتھ ونی کردیا ،پانچ دن مسلسل زاہد کے ساتھ گزارنے کے بعد زاہد نے صاحب بی بی کو طلاق دے دی اورپھر پنچائتی فیصلے پر اس کا نکاح زاہد کے ماموں نور احمد سے کرادیا ،پانچ مارچ سے پندرہ مارچ تک نوراحمد کی منکوحہ رہنے والی صاحب بی بی کو پندرہ مارچ کے رات نوراحمد اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایک حویلی میں لے گیا ۔
جہاں اسے چار افراد اسے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بناتے رہے ، بعدازاں اسے برہنہ حالت میں حویلی کے باہر درخت سے باندھ کراس کے گھر والوں اطلاع دی کہ ہماری لڑکی کو واپس کرو ورنہ اس کے ساتھ اس سے بھی بُرا سلوک کیا جائے گا صاحب کو برہنہ بندھا دیکر اہل دیہہ اکٹھے ہوگئے اور منت سماجت کرکے صاحب بی بی کو آزاد کرایا ،صاحب بی بی کو اس کے بھائیوں نے علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جہاں اس کے بیان کے بعد میڈیکل کرانے اور مقدمہ درج کرانے کا حکم دیا گیا ۔صاحب بی بی کے اہل خانہ کے مطابق انہو ںنے ہر موقع پر پولیس کو اطلاع دی لیکن پولیس نے کاروائی کرنے کی بجائے انہیںبلقیس کو واپس کرانے پر زور دیا ۔ تھانہ محمد والا کے ایس ایچ او عبیداللہ کلیار کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قانون کے مطابق سخت کارروائی کریں گے ۔

فحش وڈیو کیس میں اداکارہ میرا اور کیپٹن نوید کے وارنٹ گرفتاری جاری


لاہور: سیشن کورٹ نے فحش وڈیو کیس میں اداکارہ میرا اور کیپٹن نوید کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
اداکارہ میرا اور کیپٹن نوید کی فحش وڈیو کے خلاف لاہور کے ایک شہری نے سیشن کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ وڈیو اخلاقیات اور اسلامی تعلیمات کے منافی ہے اور اس کے منظر عام پر آنے سے پاکستان کی دنیا بھر میں بدنامی ہوئی اور ملک کا وقار مجروح ہوا ہے۔
کیس کی گزشتہ سماعت کے دوران عدالت نے میرا کو ذاتی طور پر آج پیش ہونے کا حکم دیا تھا تاہم عدالت کی طلبی کے باوجود میرا اور کیپٹن نوید پیش نہ ہوئے اور نہ ہی ان کے وکلا کی جانب سے اس حوالے سے کوئی جواب پیش کیا گیا جس پر عدالت نے دونوں کے وارنٹ جاری کرتے ہوئے ان کی گرفتاری کا حکم دیا۔